بنگلورو،15؍جون (ایس او نیوز) کانگریس قائدین اپنے صرف خاص سے عوام کی مدد کررہے ہیں۔لیکن پولیس افسر بورڈ ہٹاتے ہوئے ان کے کام میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ امدادی کام میں رکاوٹ کھڑی کی گئی تو پولیس تھانہ کے روبرو احتجاج کیا جائے گا۔ہم عدالت قدر کرتے ہیں، لیکن تمہاری جانب سے درج کئے جانے والے کیسوں سے نہیں ڈرتے۔ پولیس افسروں کو چاہئے کہ وہ اپنے بازو اور سینے پر بی جے پی کا بیڈج لگائے اور اپنے اسٹار بیڈج کو نکال کر پھینک دیں۔ یہ باتیں ریاستی کانگریس یونٹ (کے پی سی سی) کے صدر ڈی کے شیوکمار نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہیں۔
مہادیو پور اور کے آر پورم اسمبلی حلقوں کے ورتور،وہائٹ فیلڈ، منے کولال اور کلکیرے میں غریبوں میں فوڈ کٹ تقسیم کرنے کے بعد انہو ں نے کہا کہ عوام کو ٹیکس کے پیسوں سے دئے جانے والے فوڈ کٹ اور دوائیوں پر بی جے پی قائدین اپنی اور وزیر اعظم کی تصویر لگا کر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔آٹو ڈرائیور،اسٹریٹ ونڈر (فٹ پاتھ بیوپاری) اور گھروں میں کام کرنے والے خادموں کو فی کس 10ہزار روپئے راحتی معاوضہ دینے کے لئے ایڈی یورپا سے بارہا اپیل کی گئی لیکن ہماری بات ان سنی کردی گئی، چند لوگوں کو 5ہزار،چند کو تین ہزار اور دیگر کو 2ہزار روپئے دینے کا ایڈی یورپا نے اعلان کیا، لیکن یہ رقم اب تک مستحقین تک پہنچ نہیں پائی ہے۔لوگوں کی آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہوپارہا ہے نہ تنخواہوں میں اضافہ ہورہا ہے۔تاہم پٹرول، ڈیزل اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اس موقع پر کے پی سی سی کارگزار صدر رام لنگا ریڈی،ایم ایل سی نارائن سوامی اور سابق وزیر ریونا ودیگر شریک رہے۔